مزید پڑھیں

امیتابھ بچن ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کی ایک قسط کا کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟

ممبئی: مشہور زمانہ بھارتی ٹی وی شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 16ویں سیزن کا آغاز ہوگیا ہے جس کی میزبانی بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کررہے ہیں۔

امیتابھ بچن کے شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے سیزن 16 کا آغاز رواں ماہ 12 اگست سے ہوا ہے، مداح ایک بار پھر بالی ووڈ کے بگ بی کو شو کی میزبانی کرتا دیکھ کر خوشی سے جھوم اُٹھے ہیں کیونکہ شو کے سیزن 15 کی آخری قسط میں اداکار کے جذباتی پیغام کے بعد مداحوں کو یہ لگ رہا تھا کہ شاید وہ اگلے سیزن کی میزبانی نہیں کریں گے۔

اداکار کے مداح تجسس کا شکار رہتے ہیں کہ اس مقبول شو کی میزبانی کے لیے امیتابھ بچن کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟، اب اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے پہلے سیزن (2000) میں فی قسط کا تقریباً 25 لاکھ روپے معاوضہ لیتے تھے، تاہم اس شو کی مقبولیت کے بعد اداکار کے معاوضے میں بھی اضافہ ہوتا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس شو کے چوتھے سیزن تک امیتابھ کا معاوضہ دُگنا ہوگیا تھا، اُنہیں سیزن 4 میں شو کی فی قسط کے لیے 50 لاکھ روپے معاوضہ ملتا تھا۔
شو کے سیزن 6 تک امیتابھ بچن ڈیڑھ کروڑ روپے فی قسط تک معاوضہ لیتے تھے جبکہ جبکہ ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے آٹھویں سیزن میں اداکار کا معاوضہ بڑھ کر 2 کروڑ روپے سے زائد ہوگیا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سیزن 9 میں امیتابھ بچن 2 کروڑ 60 لاکھ روپے فی قسط معاوضہ لیتے تھے جبکہ سیزن 10 میں یہ معاوضہ بڑھ کر 3 کروڑ روپے فی قسط ہوگیا تھا۔
امیتابھ نے ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 11ویں سے 13ویں سیزن تک ساڑھے 3 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ وصول کیا جبکہ شو کے 14ویں سیزن میں اُنہیں 4 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 16ویں سیزن کے لیے 5 کروڑ روپے فی قسط معاوضہ وصول کر رہے ہیں۔

سمیرا خان
سمیرا خان
سمیرا بول نیوز پاکستان پر لکھاری ہیں۔ سمیرا گزشتہ 2 سالوں سے بول نیوز پر کام کر رہی ہیں اور سیلف ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا کا مطالعہ کر رہی ہیں۔ بول نیوز دنیا کا سب سے بڑا نیوز چینل ہے۔ سمیرا سوشل میڈیا بہت کم استعمال کرتی ہیں، اس لیے آپ ان کو صرف ٹوٹر پر ہی دیکھ سکتے ہیں۔