اسلام آباد ہائی کورٹ نے منگل کو ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے نیب کو پراپرٹی نیلام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے منگل کو مختصر فیصلے میں نیب کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کو قانونی قرار دیتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے نیلامی روکنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پیر چار اگست کو نیب کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز کی نیلامی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی اور دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
بحریہ ٹاؤن کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ’بحریہ ٹاؤن اشتہاری ملزم ہی نہیں تو پھر پراپرٹیز کیسے اٹیچ ہو سکتی ہیں؟ بحریہ ٹاؤن کے خلاف تو نیب کارروائی کر ہی نہیں سکتا تھا۔‘ دوسری جانب نیب نے موقف اختیار کیا تھا کہ ’بحریہ ٹاؤن نے ضمانت دی، جب ملزم اشتہاری ہے تو ضامن کے خلاف کارروائی ہو گی۔‘
گذشتہ سماعت میں کیا ہوا؟
بحریہ ٹاؤن کی جانب سے فاروق ایچ نائیک پیر کو عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ’زین ملک نے نیب کے ساتھ پلی بارگین کی تھی۔ بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز زین ملک کی ضمانت کے طور پر رکھی گئیں۔ زین ملک نے پلی بارگین منسوخ کرنے کی درخواست دی جو ابھی زیرالتوا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’زین ملک کی قسطیں نہ دینے پر نیب نے پلی بارگین ختم کرنے کا نوٹس دیا۔ بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کا نوٹس غیرقانونی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔‘ فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ ’نیب نے پہلے کہا کہ ہم نیلامی کرنا ہی نہیں چاہتے جو کہ جھوٹ تھا۔ بعد میں نیلامی کا جو نوٹس جاری کیا وہ غیرقانونی تھا۔ پلی بارگین منسوخ ہونے پر نیب کے پاس زین ملک کو گرفتار کرنے کا اختیار ہے۔
سات اگست کو بحریہ ٹاؤن جائیدادوں کی نیلامی
نیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیب راولپنڈی 7 اگست 2025 کو اسلام آباد کے سیکٹر G-6/1 میں واقع اپنے دفتر میں بحریہ ٹاؤن کے قیمتی اثاثے نیلام کرے گا۔
بیان کے مطابق ان قیمتی اثاثوں میں بحریہ ٹاؤن فیز II، راولپنڈی میں پلاٹ نمبر 7-D پر قائم کارپوریٹ آفس، پلاٹ نمبر 7-E پر دوسرا کارپوریٹ آفس، بحریہ ٹاؤن فیز II، راولپنڈی، روبائش مارکی اور لان، بحریہ گارڈن سٹی، اسلام آباد، ارینا سینما، پلاٹ نمبر 984، بحریہ ٹاؤن فیز IV، راولپنڈی، بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل اکیڈمی (سکول عمارت)، سفاری ولاز I، راولپنڈی اور سفاری کلب، پلاٹ نمبر 27، بحریہ ٹاؤن راولپنڈی شامل ہیں۔