چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ملاقات میں سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد سے متعلق بل فوری پارلیمان میں پیش کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد کا بل آئندہ چند دنوں میں ایوان سے منظور کرائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم کیوایم کے بلدیاتی اختیارات سے متعلق بل پر بھی غور کیا گیا ۔ چھبیسویں آئینی ترمیم پر من وعن عملدرآمد کرانے ۔ وفاق اور صوبوں میں آئینی بینچز کی فوری تشکیل کا مکینزم بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں پی پی اور ن لیگ کے درمیان پنجاب کے معاملات پر معاہدے پر عملدرآمد پر بھی بات ہوئی۔ وزیر اعظم نے سندھ میں جاری منصوبوں پر وفاق کے تعاون کو عملی جامہ پہنانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد 27 ویں آئینی ترامیم لانے پر بھی اتفاق ہوگیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر خصوصی ملاقات کی جس کے دوران 27 ویں آئینی ترمیم لانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں نئی ترمیم کیلئے پارلیمنٹ کو متحرک کرنےکا فیصلہ کیا جبکہ اس حوالے سے سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) مولانا فضل الرحمان اور متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کو اعتماد میں لیا جائے گا اور بلاول بھٹو مسلم لیگ ( ن ) کے سربراہ نوازشریف کو بھی اعتماد میں لیں گے۔