تازہ ترین

پاکستان اور کرغزستان کا کرپٹو اور بلاک چین کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور کرغزستان نے کرپٹو کرنسی، بلاک چین ٹیکنالوجی، اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس پیش رفت کا اعلان وزیرِ مملکت برائے کرپٹو و بلاک چین بلال بن ثاقب اور کرغزستان کی نیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر فرخت امینوو کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی ویڈیو کانفرنس کے بعد کیا گیا۔

کانفرنس کے دوران کرپٹو اثاثہ جات، بلاک چین ایپلیکیشنز اور جدید مالیاتی نظام کے مستقبل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرغزستان کی جانب سے معلومات، تجربات اور پالیسی ماڈلز کے تبادلے پر زور دیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے ورچوئل اثاثوں کی ترقی کے لیے ایک اسٹریٹجک اور ہم آہنگ فریم ورک کی تشکیل پر آمادگی ظاہر کی۔

اس موقع پر دونوں فریقین نے کرپٹو شعبے میں باضابطہ شراکت داری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد تعاون کو قانونی اور ادارہ جاتی بنیاد فراہم کرنا ہے۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ کرغزستان، ڈیجیٹل اثاثوں اور ریگولیٹری ڈھانچے کے میدان میں ایک اہم شراکت دار ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسطی و جنوبی ایشیا میں بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنانس کا فروغ نہ صرف علاقائی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرے گا بلکہ ٹیکنالوجی کے نئے در بھی کھولے گا۔ آخر میں دونوں ممالک نے محفوظ، شفاف اور جدید ڈیجیٹل معیشت کے قیام کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

- Advertisement -
سمیرا خان
سمیرا خان
سمیرا بول نیوز پاکستان پر لکھاری ہیں۔ سمیرا گزشتہ 2 سالوں سے بول نیوز پر کام کر رہی ہیں اور سیلف ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا کا مطالعہ کر رہی ہیں۔ سمیرا سوشل میڈیا بہت کم استعمال کرتی ہیں، اس لیے آپ ان کو صرف ٹوٹر پر ہی دیکھ سکتے ہیں۔