تازہ ترین

دنیا بھر سے روزانہ لوگ چیٹ جی پی ٹی سے کتنے سوالات پوچھتے ہیں؟

دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہیں۔ مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ لوگوں کی جانب سے روزانہ اس اے آئی چیٹ بوٹ سے کتنے سوالات پوچھے جاتے ہیں یا دیگر کام کرنے کے لیے کہا جاتا ہے؟

تو اس کا جواب کافی دنگ کر دینے والا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق چیٹجی پی ٹی دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے اے آئی ٹولز میں سے ایک ہے۔ روزانہ چیٹ جی پی ٹی کو ڈھائی ارب سے زیادہ درخواستیں (سوالات، تصاویر بنانے یا دیگر) موصول ہوتی ہیں۔

صرف امریکا سے ہی لوگ روزانہ 33 کروڑ سے زائد بار چیٹجی پی ٹی سے کسی نہ کسی وجہ سے رجوع کرتے ہیں۔ ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے صارفین سالانہ اس اے آئی ٹول سے 912 ارب سے زائد درخواستیں کرتے ہیں۔

اوپن اے آئی کے ایک ترجمان نے بھی رپورٹ میں دیے گئے اعداد و شمار کی تصدیق کی ہے۔ اگرچہ ابھی بھی چیٹ جیپی ٹی گوگل کی سالانہ 5 ہزار ارب سے زائد سرچز سے بہت پیچھے ہے مگر اس کے استعمال میں اضافے کی شرح ضرور سرچ کمپنی کے لیے خطرہ ہے۔

محض چند ماہ کے دوران چیٹ جی پی ٹی کو ہر ہفتے استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 30 کروڑ (دسمبر 2024) سے بڑھ کر 50 کروڑ (مارچ 2025) سے زائد ہوگئی تھی۔ یہ اعداد و شمار اس وقت سامنے آئے ہیں جب جولائی کے شروع میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اوپن اے آئی چند ہفتوں میں اے آئی پر مبنی ویب براؤزر جاری کرنے کے لیے تیار ہے۔

یہ ویب براؤزر براہ راست گوگل کروم کا مقابلہ کرے گا جبکہ گزشتہ دنوں اوپن اے آئی نے چیٹجی پی ٹی ایجنٹ بھی متعارف کرایا تھا جو کہ کمپیوٹر پر آپ کے لیے مختلف کام کرسکتا ہے۔

- Advertisement -
سمیرا خان
سمیرا خان
سمیرا بول نیوز پاکستان پر لکھاری ہیں۔ سمیرا گزشتہ 2 سالوں سے بول نیوز پر کام کر رہی ہیں اور سیلف ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا کا مطالعہ کر رہی ہیں۔ سمیرا سوشل میڈیا بہت کم استعمال کرتی ہیں، اس لیے آپ ان کو صرف ٹوٹر پر ہی دیکھ سکتے ہیں۔