انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی (آئیفا) ایوارڈز 2024 کے تین روزہ جشن کا آغاز 27 ستمبر سے ابو ظہبی کے قریبی جزیرے پر ہوا جبکہ یہ تقریب مسلسل تیسرے سال اسی مقام پر ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تین روزہ تقریب میں بولی وڈ اور ساؤتھ انڈین سینما کے بڑے ستارے شریک ہوں گے۔ شاہ رخ خان، وکی کوشل، ایشوریا رائے بچن اور کریتی سینن سمیت دیگر ستارے ابو ظہبی پہنچ چکے ہیں۔
بالی ووڈ ستاروں سمیت مشہور بھارتی شخصیات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ شاہ رخ خان، جو فلم ساز کرن جوہر کے ساتھ اس تقریب کی میزبانی کریں گے نے آئیفا اور ابو ظہبی سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
آئیفا ایوارڈز 2024 میں بالی وڈ کے بڑے ناموں کی شاندار پرفارمنسز ہوں گی، جن میں ریکھا، شاہد کپور اور کریتی سینن شامل ہیں۔ ریکھا کی 22 منٹ کی پرفارمنس، جس میں 150 ڈانسرز اور منیش ملہوترا کے ڈیزائن کردہ ملبوسات شامل کی گئیں، ایونٹ کا اہم حصہ ہے۔
تقریب میں شرکت کیلئے شاہد کپور، کریتی سنون، سوناکشی سنہا، ظہیر اقبال اور دیگر بالی ووڈ ستارے الگ الگ اور منفرد لباس کے ساتھ ابوظہبی پہنچ گئے۔ اس کے علاوہ اداکارہ آننیا پانڈے، ایشوریا رائے، کرن سنگھ گروور، بپاشا باسو اور دیگر بالی ووڈ ستارے بھی جلوے بکھیرنے کیلئے ابوظہبی پہنچ گئے۔
اس کے علاوہ پرگیا جیسوال، سونیا بنسل، سمانتھا، راکُل پریت سنگھ اور دیگر بالی ووڈ اور ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے ستارے بھی تقریب میں شرکت کیلئے یو اے ای پہنچے ہیں۔
اس تقریب کا آغاز آئیفا اتساو سے ہو گا، جو ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے لیے ایک خراج تحسین ہو گا۔ اس خصوصی حصے میں تمل، تیلگو، کنڑ اور ملیالم سینما کی صلاحیتوں کو پیش کیا جائے گا۔ چرن جیوی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا جائے گا۔
تقریب کا اختتام آئیفا راکس کے ساتھ ہو گا، جس میں انیل کپور، بوبی دیول اور اننیا پانڈے کی پرفارمنس شامل ہو گی۔ اس بڑے ایونٹ میں بھارتی سینما کے ستارے ایک ساتھ جمع ہوں گے، جو ایک یادگار جشن ہوگا۔