مزید پڑھیں

عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس 2 کی تفصیلات سامنے آگئیں

احتساب عدالت اسلام آباد عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس 2 کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ عمران خان اوربشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس 2 سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پردائر کیا گیا۔

نیب ریفرنس کے مطابق بشریٰ بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021 دورہ سعودی عرب کے موقع پر دیا گیا، جیولری سیٹ میں ایک عدد انگوٹھی، ایک عدد بریسلٹ، ایک نیکلس، ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔

ریفرنس میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران اکٹھے کیے گئے شواہد کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی نے غیر قانونی طورپربلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا، ڈپٹی ملٹری سیکرٹری نے 18 مئی 2021 کو سیکشن افسر توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے اور ڈکلیئر کرنے کے بارے آگاہ کیا لیکن جیولری سیٹ کو جمع نہیں کرایا گیا۔

ریفرنس کے مطابق بلغاری کمپنی نے فرنچائزسالوجنٹ ٹریڈنگ سعودیہ عرب کو 25 مئی 2018 کو ہار 3 لاکھ یورو اوربالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی تھیں، کمپنی سے بریسلٹ اورانگوٹھی کی قیمت کے بارے معلومات نہیں مل سکیں۔

نیب ریفرنس میں بتایا گیا کہ 28 مئی 2021 کو بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل ہارکی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار600 روپے بنتی ہے۔

ریفرنس کہا گیا کہ توشہ خانہ رولزکے مطابق 50 فیصد دے کر بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے، بلغاری جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

ریفرنس کے مطابق عمران خان نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کرنیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9 اور سب سیکشن 3 ، 4 ،6 اور12 کی خلاف ورزی کی ہے، یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف انکوائری شروع ہوئی۔

نیب کی جانب سے ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا ناجائزاستعمال کیا ہے، عمران خان نے اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔

دوسری جانب توشہ خانہ ریفرنس 2 میں 22 گواہوں کے نام سامنے آگئے جن میں گواہان میں بنیامین سیکشن آفیسرتوشہ خانہ کیبنٹ ڈویژن کا نام سرفہرست ہے۔
طلعت محمود پروٹوکول آفیسر وزیر اعظم ہاؤس ، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ہیڈ کوارٹر قیصرمحمود، اسسٹنٹ ڈائریکٹر موفا محمد فہیم، وزیراعظم کے سابق ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئرمحمد احمد کا نام بھی گواہان میں شامل ہے۔

سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکریٹری انعام اللہ شاہ کا نام بھی توشہ خانہ ریفرنس 2 میں شامل ہے۔ ڈائریکٹر نیب شفقت محمود اور کیس کے تفتیشی افسر محمد محسن ہارون بھی گواہوں میں شامل ہیں۔

سمیرا خان
سمیرا خان
سمیرا بول نیوز پاکستان پر لکھاری ہیں۔ سمیرا گزشتہ 2 سالوں سے بول نیوز پر کام کر رہی ہیں اور سیلف ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا کا مطالعہ کر رہی ہیں۔ بول نیوز دنیا کا سب سے بڑا نیوز چینل ہے۔ سمیرا سوشل میڈیا بہت کم استعمال کرتی ہیں، اس لیے آپ ان کو صرف ٹوٹر پر ہی دیکھ سکتے ہیں۔