مزید پڑھیں

ایپل کے آئی فون 16 کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی

ایپل کے آئی فون 16 کی رونمائی کی تاریخ منظر عام پر آگئی ہے۔ اگرچہ بہت سی کمپنیاں اسمارٹ فونز بناتی ہیں، لیکن ایپل کے آئی فونز کو سب سے زیادہ منفرد اور خاص تصور کیا جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں لوگ ہر سال نئے آئی فونز کا شدت سے انتظار کرتے ہیں۔ اس سال آئی فون 16 سیریز متعارف کروائی جائے گی اور اب اس کی ممکنہ رونمائی کی تاریخ بھی سامنے آچکی ہے۔

مستند رپورٹ کے مطابق ایپل کے نئے آئی فونز رواں سال 10 ستمبر کو ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔ ایپل کی جانب سے عموماً ستمبر کے دوسرے منگل یا بدھ کو نئے آئی فونز پیش کیے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایونٹ میں آئی فون 16، آئی فون 16 پلس، آئی فون 16 پرو اور آئی فون 16 پرو میکس کے ساتھ ایپل واچ سیریز 10، ایپل واچ ایس ای اور ایپل واچ الٹرا 3 جیسی ڈیوائسز بھی متعارف کرائی جائیں گی۔

اگر واقعی نئے آئی فونز 10 ستمبر کو متعارف کرائے گئے تو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے صارفین انہیں 20 ستمبر کو خرید سکیں گے۔ لیکس کے مطابق آئی فون 16 کے بیک پر کیمرا سیٹ اپ کا ڈیزائن تبدیل کیا گیا ہے جبکہ یہ 6.1 انچ کے ڈسپلے کے ساتھ متعارف کروایا جا رہا ہے۔

آئی فون 16 پلس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا جبکہ آئی فون 16 پرو 6.3 انچ جبکہ آئی فون 16 پرو میکس 6.9 انچ کے ڈسپلے سے لیس ہوگا۔ ایک اور خبر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئی فون 16 پرو میکس میں بیزل کا حجم 0.06 انچ سے بھی کم ہوگا۔

ایسا بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی فون 16 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔