تازہ ترین

کیا موبائل کی بیٹری کو ہمیشہ 100 فیصد چارج کرنے سے اسے نقصان پہنچتا ہے؟

عام طور پر بیشتر افراد اپنے اینڈرائیڈ فون کو 100 فیصد چارج کرنا پسند کرتے ہیں تاکہ وہ پورا دن کام کرسکے۔ مگر ایسا کہا جاتا ہے کہ یہ عادت طویل المعیاد دورانیے میں موبائل کی بیٹری کی زندگی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے، مگر کیا یہ خیال واقعی درست ہے؟

تو جان لیں کہ یہ بات درست ہے، موبائل کی بیٹری کو ہمیشہ 100 فیصد چارج کرنا اس کی زندگی کو مختصر کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بیشتر اینڈرائیڈ فونز میں لیتھیم آئیون بیٹریز کو استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ بیٹریز وقت کے ساتھ تنزلی کا شکار ہونے لگتی ہیں اور انہیں اکثر 100 فیصد چارج کرنے سے کیمیائی عمر میں اضافے کی رفتار بڑھ جاتی ہے کیونکہ فل چارج کے لیے زیادہ وولٹیج کی ضرورت ہوتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ بیٹری کی گنجائش میں 10 سے 15 فیصد کی کمی آتی ہے۔

تو اگر آپ ہمیشہ بیٹری کو 100 فیصد چارج کرتے ہیں تو بیٹری لائف گھٹ جانے پر حیران ہونے کی ضرورت نہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس مسئلے سے بچنا زیادہ مشکل نہیں۔ بیشتر اسمارٹ فونز کی بیٹری لائف بہترین ہوتی ہے اور کبھی کبھار انہیں 100 فیصد چارج کرنے سے نقصان نہیں ہوتا۔

اینڈرائیڈ فونز تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے موبائل کی بیٹری کو ہمیشہ 50 فیصد سے زیادہ چارج رکھیں تاکہ بیٹری لائف میں اضافہ ہو۔

اگر موبائل کی بیٹری کو ہمیشہ اس وقت چارج کیا جائے جب وہ صفر کے قریب ہو تو اس سے بھی بیٹری لائف اسی طرح متاثر ہوتی ہے جس طرح 100 فیصد بیٹری چارج کرنے سے ہوتی ہے۔ کمپنیوں کے مطابق فون کی بیٹری کو 50 سے 80 فیصد تک چارج رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

- Advertisement -
سحرش نایاب
سحرش نایابhttps://bolnews.pk/
سحرش بول نیوز کی سینئر رپورٹر ہیں، جو ماس کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجیز میں مہارت رکھتی ہیں۔ اس سے پہلے وہ سماء، جیو، اور آج نیوز کے ساتھ کام کر چکی ہیں اور سیاسی خبروں اور معیشت کے عروج و زوال پر رپورٹنگ کر چکی ہیں۔ وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ جب رپورٹنگ نہیں کر رہی ہوتیں، تو انہیں اکثر بلاگنگ، مطالعہ، اور نئی جگہوں کی سیر کرتے ہوئے پایا جا سکتا ہے۔