مزید پڑھیں

موبائل فون صارفین سے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کتنا ایڈوانس ٹیکس لیا گیا؟

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے موبائل فون صارفین سے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ایڈوانس ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی رقم کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔

قومی اسمبلی اجلاس ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں وزارت خزانہ نے موبائل فون صارفین سے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ایڈوانس ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی رقم کی تفصیلات پیش کیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2024 کے دوران موبائل فون صارفین سے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 92 ارب روپے اکٹھے کیے گئے، 2023 کے مقابلے میں مالی سال 2024 کے دوران ایڈوانس ٹیکس میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ مالی سال 2023 کے دوران ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 80 ارب روپے اکٹھے کیے گئے تھے جب کہ مالی سال 2022 میں 61 ارب، 2021 میں 55 ارب، 2020 میں 50 ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔

وزارت خزانہ نے جواب میں کہا کہ صارفین سے حاصل کردہ ایڈوانس ٹیکس ایڈجسٹیبل ہے، صارفین انکم ٹیکس ریٹرن میں ری فنڈ کلیم کرسکتے ہیں۔