شاہ رخ خان کا شمار بالی ووڈ کے نمبر ون اداکاروں میں ہوتا ہے، دنیا شاہ رخ خان کو کنگ خان کے نام سے پکارتی ہے، پوری دنیا میں شاہ رخ کے کروڑں چاہنے والے ہیں. بالی ووڈ کے شہنشاہ کہلائے جانے والے اور تین دہائیوں سے زائد عرصے تک فلمی دنیا پر راج کرنے والے شاہ رخ کو آخرکار ان کے کیریئرمیں پہلی باراداکاری کا سب سے بڑا قومی اعزاز ’’نیشنل فلم ایوارڈ‘‘ مل گیا۔
شاہ رخ خان نے 1992 میں فلم ’دیوانہ‘ سے ادکاری کے سفر کا آغاز کیا اور جلد ہی ان کا شماربھارت کے مقبول ترین اداکاروں ہونے لگا’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’چک دے انڈیا‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے، بازیگر، ویر زارا ‘جیسی فلموں میں ان کی شانداراداکاری نے مداحوںکے دل جیت لیے۔ فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے تو آج بھی انڈین سنیما گھروں میں چل رہی ہے۔
شاہ رخ خان نے 33 سالہ فلمی کیریئر میں کئی بڑے ایوارڈز بھی جیتے بلکہ انہیں دوسرے ملکوں کی جانب سے بھی کئی بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا لیکن وہ ایک بار بھی بھارت کے نیشنل ایوارڈ کو جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے۔ مگر اب یہ انتظار ختم ہوچکا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شاہ رخ کو 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ میں بہترین اداکاری پر نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعلان بھارت کے 71ویں نیشنل فلم ایوارڈز کے موقع پر یکم اگست کو کیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان اوروکرانت میسی اس ایوارڈ کے مشترکہ فاتح قرار پائے، جنہوں نے فلم ’بارہویں فیل‘ میں بے مثال اداکاری کا مظاہرہ کیا تھا۔ شاہ رخ نے اس اعزاز کے ملنے پر انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے حکومتِ بھارت اور اپنے مداحوں کا دل سے شکریہ ادا کیا۔
اس ویڈیو میں ان کے چہرے پر خوشی کے تاثرات نمایاںتھے۔ یاد رہے کہ فلم جوان میں شاہ رخ نے ڈبل رول ادا کیا تھا، اور فلم میں وہ سات مختلف روپ اختیار کرتے نظر آئے، جو ان کی فنی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔