نیٹ فلکس کی مقبول سیریز “ویڈنزڈے” سیزن 2 کا پہلا حصہ ریلیز کردیا گیا ہے جس کو شائقین کی جانب سے بےحد پسند کیا جارہا ہے اور شائقین دوسرے حصے کی ریلیز کیلئے پُرجوش ہیں۔ سپر نیچرل ایڈونچر سے بھرپور نیٹ فلکس سیریز ’ویڈنزڈے‘ کا دوسرا سیزن 6 اگست 2025 کو ریلیز ہو چکا ہے، جبکہ باقی اقساط کا دوسرا حصہ 3 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
دوسرے سیزن میں پیش کی گئی اس ڈراؤنی لڑکی ’ویڈنزڈے ایڈمز‘ کی نئی کہانی کو مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جارہا ہے اور مداحوں کا کہنا ہے کہ اس سیریز کا دوسرا سیزن پہلے سے بھی زیادہ دلچسپ ہے۔
یاد رہے کہ ویڈنزڈے کا پہلا سیزن 2022 میں ریلیز ہوا تھا جس نے کئی ایوارڈز بھی جیتے، اور اس میں مرکزی کردار ہالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ جینا اورٹیگا نے ادا کیا تھا۔ جینا اورٹیگا کے مطابق نئے سیزن میں ہارر مناظر پر زیادہ توجہ دی گئی ہے جبکہ ویڈنزڈے کا کوئی رومانوی تعلق نہیں دکھایا جائے گا۔
اس سیزن میں کیتھرین زیٹا جونز، لوئس گزمین اور دیگر پچھلے کرداروں کے ساتھ ساتھ اسٹیو بوسیمی، ہیلی جوئل اوسمنٹ اور لیڈی گاگا بھی نئے کرداروں میں شامل ہوں گے۔ اس سیزن میں بھی مجموعی طور پر آٹھ اقساط ہوں گی، جنہیں دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ہدایت کار مائلز ملار کے مطابق اس بار ویڈنزڈے ایک پیچیدہ اور پراسرار کہانی میں الجھ جائے گی جہاں کچھ بھی ویسا نہیں جیسا دکھائی دیتا ہے۔ واضح رہے کہ جولائی 2025 میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ ویڈنزڈے کا تیسرا سیزن بھی بنایا جائے گا۔